پی ایس ایل دنیا کی ٹاپ تھری لیگز میں سے ایک ہے: راشد خان

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کرکٹ کے معیار نے راشد خان کا دل جیت لیا،افغان آل راؤنڈر نے پی ایس ایل کو دنیا کی ٹاپ تھری لیگز میں سے ایک قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے راشد خان نے کہاکہ پاکستانی لیگ دنیا کی ٹاپ تھری لیگز میں سے ایک ہے۔

یہاں بہترین کھلاڑیوں کی موجودگی میں معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملتی ہے،ہر ٹیم کے پاس 140کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے پیسرز موجود ہیں،دوسری جانب بولرزکا حوصلہ آزمانے والے بیٹرز بھی ایکشن میں نظر آتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ لاہور میں قلندرز کو ہوم گرائونڈ پر کھیلنے کا موقع ملے گا،کراؤڈ کی گرمجوشی اور شور میں کھیلنے کا الگ ہی مزا ہوگا،ابھی تک ٹیم اپنی اچھی کرکٹ سے لطف اندوز ہورہی ہے،قذافی اسٹیڈیم میں بھی کارکردگی کا گراف بلند رکھنے کی کوشش کریں گے۔

راشد خان نے کہا کہ کرکٹ میں دباؤ تو ہوتا ہے مگر کسی بھی صورتحال میں اپنی اسکلز کو نہیں بھولنا چاہیے، لاہور قلندرز کی حکمت عملی یہی ہے کہ بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں 100فیصد پرفارم کریں،نتیجے کی پروا کیے بغیر اپنے ٹیلنٹ کا بھرپور اظہار کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ٹاپ آرڈر میں کوئی بیٹر اچھی فارم میں ہو تو ٹیم اور بولرز کے لیے بھی آسانی ہوتی ہے،ہمارے لیے فخرزمان یہی کردار ادا کر رہے ہیں،میں ان کی بیٹنگ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، اوپنر سمجھداری سے کھیل رہے ہیں۔ان کو معلوم ہے کہ کہاں دفاع اور کب اٹیک کرنا ہے، امید ہے کہ ٹورنامنٹ کے آخر تک ان کی یہی فارم برقرار رہے گی،وہ خود بھی ٹیم میں ایسا کردار ادا کرنے کے لیے پْرعزم ہیں،

افغان اسپنر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی بطور کپتان بڑے مختلف نظر آتے ہیں،وہ ٹیم کا ماحول بہت پْرسکون رکھتے ہیں، دوسروں کی بات سنتے اور مشورہ کرتے ہیں،اسی کے ساتھ بولرز اور بیٹرز کا حوصلہ بڑھاتے ہیں، ہماری بھی کوشش ہوتی ہے کہ ان کو پھرپور سپورٹ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں