روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں میں جنگی طیاروں کے حملے، ٹینکوں کی گولا باری کا سلسلہ جاری ہے۔
ہر طرف جنگ کی تباہ کاریاں ہیں اور ایسے میں لاکھوں یوکرینی شہریوں کی طرح وہاں موجود ہزاروں پاکستانی بھی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
پاکستانی شہری یوکرین میں پھنس گئے اور پاکستانی سفارت خانے کے رویے پر پھٹ پڑے۔ پاکستانی شہریوں کا کہنا ہے کہ سفارت خانے نے جھوٹ بولا، بے یار و مددگار چھوڑ دیا، پہلے دارالحکومت کیف بلایا، جب ہزاروں روپے خرچ کرکے کیف پہنچے تو سفارت خانے نے ہاتھ کھڑے کردیے اور اب دوسرے شہر ٹرنوپل جانے کا مشورہ دے دیا۔
پاکستانی شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس پیسے ختم ہوگئے ہیں ،اے ٹی ایم بھی بند ہیں، کھانے پینے کے لالے پڑ گئے،کہاں جائیں، کس کو مدد کے لیے بلائیں؟کوئی پوچھنے والا نہیں۔
یوکرین کے دارلحکومت کیف میں شدید لڑائی کی وجہ سے محصور پاکستانی طلبہ نے بھی پاکستانی سفارت خانے سے مدد کی اپیل کی ہے۔
بنکرز اور زیر زمین سرنگوں میں پناہ لیے والے طلبہ کا کہنا ہے کہ سفارت خانہ باہر نکلنے کیلئے کوئی تعاون نہیں کر رہا، سفارتخانے سے کوئی پیغام نہیں آیا،لاوارثوں کی طرح پڑے ہیں ،کھانے پینے کیلئے کچھ نہیں، پہلے کہا کیف آجائیں پھر کہا کیف محفوظ شہر نہیں، کیا کریں کہاں جائیں ،کوئی پرسان حال نہیں۔
کیف میں پھنسے طلبہ کا کہنا ہے کہ تقریباً دو سو طلبہ یہاں امداد کے منتظر ہیں ۔ یوکرین میں پاکستانی سفارتخانے نے یوکرین سے نکلنے کیلئے تمام طلبہ کو فوری طور پر ٹرنوپل یا لوویو پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔ پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ نہ ملنے پر سفارتخانے کے تعلیمی مشیر کی خدمات حاصل کریں، تعلیمی مشیرپاکستانی طلبہ کو ٹرنوپل پہنچائیں گے۔
یوکرین میں پاکستانی سفارتخانہ دارالحکومت کیف سے ٹرنوپل منتقل کردیا گیا ہے۔ یوکرین میں پاکستانی سفیر نویل کھوکھر کا کہنا ہے کہ یوکرین میں خارکیف سے ٹرنوپل کیلئے ٹرین سروس موجود ہے، طلبہ کی مدد کیلئے دو فوکل پرسن تعینات کردیے ہیں۔ اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کا ایک فوکل پرسن کیف میں پاکستانی طلبہ کی سہولت کیلئے موجود ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ٹرنوپل میں فوکل پرسن شہزاد نجم سے380632288874 اور 380979335992 نمبر ز پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔