لندن(نمائندہ خصوصی)لندن کے نواحی علاقے تھرک کونسل سے پہلے مسلمان و پاکستانی کونسلر نے لیبر پارٹی سے استعفیٰ دے کر کنزرویٹو پارٹی جائن کر لی ہے۔ ان کے اس فیصلے نے سیاسی و سماجی حلقوں میں سنسنی پھیلا دی ہے۔
کونسلر قیصر عباس کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ’’مقامی لیبر پارٹی میں اقربا پروری، اسلاموفوبیااور امتیازی سلوک کی وجہ سے میں مستعفی ہو رہا ہوں۔ میں نے اپنے حلقے کے لوگوں اور دیگر کمیونٹیز کے حقوق کے تحفظ کی خاطر کنزرویٹو پارٹی جائن کر لی ہے۔ “
اس موقع پر کونسل لیڈر کونسلر راب گلیڈ ہل نے کہا ہے کہ ’’قیصر عباس ایک جانی پہچانی شخصیت اور بہترین کام کرنے والا کونسلر ہے۔ مجھے پتا ہے کہ وہ اپنی موجودہ سیٹ ضرور جیتے گا اور اپنے لوگوں کی خدمت جاری رکھے گا۔‘‘
کونسلر قیصر عباس کو کنزروٹیو پارٹی کی طرف سے پرفلیٹ آن تھیمز، ویسٹ تھرک اور ساؤتھ سٹیفرڈ حلقے کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے اور وہ مئی 2022 کے مقامی انتخابات میں حصہ بھی لے رہے ہیں۔
کونسلر قیصر عباس 2018 میں پہلی دفعہ کونسلر منتخب ہوئے اور انہوں نے مختصر عرصے میں مختلف نوعیت کے مثالی کام کر کے اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔ ان کو سیاسی و سماجی کاموں کے اعتراف میں کئی ایوارڈز مل چکے ہیں۔