پاکستان برطانیہ کو اعلیٰ تعلیم یافتہ پیشہ ورافراد برآمد کرنے کیلئے تیار ہے،ایوب آفریدی

اسلام آباد(تارکین وطن نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی ایوب آفریدی سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر تھامس لونا نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ایوب آفریدی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کو اعلیٰ تعلیم یافتہ پیشہ ور افراد برآمد کرنے کے لیے تیار ہے، خاص طور پر بریگزٹ کے بعد کے دور میں جہاں برطانیہ کو ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، پاکستان میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے موجودہ حکومت ضروری انفراسٹرکچر اور سیکیورٹی فراہم کرکے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین میں تنازعہ کوویڈ کے بعد کی عالمی معیشت پر شدید اثرات مرتب کرے گا ،وزیر اعظم عمران خان نے بار بار دہرایا ہے کہ تنازعات کو صرف بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔

اس موقع پر تھامس لونا نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی ہمارے معاشرے کا اہم اور اٹوٹ انگ ہے اور ہماری سماجی و سیاسی زندگی میں شامل ہو چکے ہیں لیکن پھر بھی اپنی مخصوص پاکستانی شناخت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانی خاص طور پر صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے پروفشنلز اور حال ہی میں انتظامیہ میں بھی ایک اثاثہ ہیں، برطانوی عوام پاکستان کی خوبصورتی سے محبت کرتے ہیں، برطانوی حکومت یوکرین اور روس کے تنازعے اور اس کے نتائج کے بارے میں بہت زیادہ فکر مند ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں