وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک شہری فدا اللہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان نے سینیٹ الیکشن کے دوران بیان دیا کہ 16 ایم این ایز فروخت ہوئے، شیخ رشید نےاس کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کے خلاف کارروائی نہیں کرسکتے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے دوران سماعت درخواست گزار کو ہدایت کی کہ اپنے حلقے کے ایم این اے سے کہیں وہ اس متعلق پٹیشن دائر کریں۔

بعد ازاں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں