مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر عہدے سےدستبردار

وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ اور احتساب شہزاد اکبر نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے، انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوانے کی تصدیق کردی۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر نے استعفیٰ دیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھیج دیا ہے اور امید ہے عمران خان کی زیر قیادت احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے ساتھ منسلک رہیں گے اور بطور ممبر قانونی برادری اپنا تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ شہزاد اکبر نے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ دونوں عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان شہزاد اکبر کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے اور انہیں دو ہفتے پہلے ہی استعفیٰ دینے کا اشارہ دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ شہزاد اکبر کو خود سے استعفیٰ دے کر جانے کا کہا گیا بصورت دیگر وزیراعظم انہیں برطرف کرسکتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں