‘مانتے ہیں حالات مشکل ہیں،لیکن پُرامید ہیں اگلا سال خوشحالی کا ہوگا’

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ مانتے ہیں حالات مشکل ہیں اس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، ہم مہنگائی سے واقف ہیں تاہم اسے کم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں جبکہ معیشت بھی ریکوری کی طرف مائل ہورہی ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین اور سعودی عرب کی مدد کے باوجود ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، ہم مہنگائی سے واقف ہیں اور اسے کم کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں جب کہ معیشت بھی ریکوری کی طرف مائل ہورہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ فی کس آمدنی (ن) لیگ کے آخری سال میں 547 ڈالر تھی اور آج فی کس آمدنی 1666ڈالر ہے، حالات مشکل ہیں، کوئی انکار نہیں کرسکتا لیکن مشکل حالات میں بھی ہم پُرامید ہیں، یہ سال معاشی ریکوری اور اگلا سال خوشحالی کا ہوگا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ دہشتگردوں سے مقابلہ کیا اور کریں گے، پاکستان کے دشمن ملک میں عدم استحکام اور انتشار چاہتے ہیں لیکن ان کے عزم ناکام ہوں گے، ہم دہشتگردوں کو سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدارتی نظام قیاس آرائی ہے اور ایسی پتنگیں اڑتی رہتی ہیں۔

کورونا سے متعلق شاہ محمود کا کہنا تھا کہ کورونا کی شرح پھر بڑھ رہی ہے، ہم سب مجرم ہیں، ہم سب نے ماسک نہیں پہنا ہوا، وزیراعظم کہہ چکے ہم لاک ڈاؤ ن کے متحمل نہیں، ہم لاک ڈاون نہیں لگائیں گے۔

وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ 2023 میں سرپرائز دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں