فرانس میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب، ہال’’ کشمیر بنے گا پاکستان۔لیکر رہیں گے آزادی‘‘کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا

فرانس میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب، ہال’’ کشمیر بنے گا پاکستان۔لیکر رہیں گے آزادی‘‘کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا

یوم یکجہتی کی پروقار تقریب میں خواتین ، مرد و بچوں سمیت پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی 32 تنظیموں کے نمائندوں اور انکی ٹیم نے بھرپور شرکت کی، مہمان خصوصی کے فرائض قائمقام سفیر پاکستان امجد عزیز قاضی اور سفارتخانہ پاکستان کے عملے نے سرانجام دئیے۔

اسٹیج سیکرٹری کے فرائض جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی فرانس افضال احمد گوندل اور رہنما ادارہ منہاج القرآن چوہدری رازق گجر نے مشترکہ طور پر سرانجام دئیے، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عمر فاروق قریشی نے حاصل کی ،نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کا ہدیہ زاہد محمود چشتی نے پیش کیا، تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کے بعد قومی و کشمیری ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں جس کا احترام پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے کھڑے ہوکر کیا۔

خاتون سماجی شخصیت طاہرہ سحر نے ننھے بچوں کے ٹیبلوز پیش کئے، ننھے بچوں نے کشمیری بچوں سے اپنے ٹیبلوز کے ذریعے اظہار یکجہتی کیا اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی ،دوران تقریب ہال کشمیر بنے گا پاکستان ،لیکر رہیں گے آزادی ، پاکستان زندہ آباد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا، قائمقام سفیر پاکستان امجد عزیز قاضی نے اپنی تقریر سے قبل شاندار پروگرام آرگنائز کرنے پر پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی، ان کا کہنا تھا کہ سات دہائیوں سے کشمیری بھارتی مظالم کا نشانہ بن رہے ہیں بچوں ،بڑوں اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، خواتین کی عزتوں کو پامال کیا جارہا ہے مگر دنیا خاموش ہے، انہوں نے اقوام عالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی آزاد تک پاکستانی و کشمیری کمیونٹی اسی طرح احتجاج ریکارڈ کرواتی رہے گی اور مودی کا ناپاک چہرہ دنیا کو دکھاتی رہے گی۔

صدر ادارہ منہاج القرآن راجہ بابر حسین نے پاکستانی و کمیونٹی کی کثیر تعداد میں آمد پر انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ،ان کا کہنا تھا کہ آج پہلی بار فرانس کی تاریخ میں 32 تنظیموں کو ایک چھت تلے یکجا کیا جس پر تمام کمیونٹی مبارکباد کی مستحق ہے ،انہوں نے کہا کہ ناقدین نے گزشتہ دس دن کھل کر تنقید کی مگر آج ہم نے انہیں کامیاب پروگرام کرکے جواب دیا ہے، انہوں نے پاکستانی و کشمیری کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی ریلی میں شرکت کرکے ریلی کو بھی کامیاب بنائیں۔

صدر پی ٹی آئی فرانس ملک عابد نے 32 تنظیموں کے نمائندوں ، خواتین ،پاکستانی و کشمیری کمیونٹی سمیت قائمقام سفیر پاکستان امجد عزیز قاضی اور انکی پوری ٹیم کی آمد پر انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ کشمیری ہمارے دلوں میں بستے ہیں ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور جب تک جان ہے کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیریوں کی آزادی کی جنگ لڑتے رہیں گے۔

پشتون اتحاد یورپ کے صدر انعام اللہ سید نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر پر تفصیلی روشنی ڈالی اور دنیا کو بتایا کہ کس طرح کشمیر میں مظلوموں پر ظلم ڈھائے جارہے ہیں، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن فرانس شیخ وسیم اکرم نے جارحانہ انداز میں تقریر کرکے تقریب کو گرما دیا انہوں نے نریندر مودی کو للکارتے ہوئے کہا کہ مودی سن لو ایک وقت آئے گا جب تجھے چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، کشمیریوں پر اتنا ظلم کرو جتنا برداشت کرسکو۔

ڈائریکٹر منہاج القرآن فرانس علامہ حسن میر قادری نے اپنی جارحانہ تقریر کرکے محفل میں جان ڈال دی، انہوں بتایا کہ وہ خود بھی کشمیری ہیں اور وہ کشمیریوں کا دکھ محسوس کرسکتے ہیں، انہوں نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ متحد ہوکر کشمیریوں کی آواز بنیں۔

بانی فرانس جمخانہ کلب رضوان توقیر بابری، شاعرہ ممتاز ملک ، رہنما تحریک انصاف فرانس شبانہ چوہدری، صدر پیپلزپارٹی وومن ونگ روحی بانو، میڈیا ہیڈ ادارہ منہاج القرآن فرانس طاہرہ سحر، رہنما پی ٹی آئی نینا خان، صدر فرانس پاک انٹرنیشنل رائٹر فورم شاذ ملک ، نائب کپتان شاہین کبڈی کلب عدیل جٹ، جنرل سیکرٹری منہاج القرآن فرانس طاہر ارشد، بانی پاکستان فیسٹیول فرانس عمیر بیگ، صدر جسٹس فار کشمیر فرانس چوہدری ذوالفقار نگیال، چیئرمین ہیومن رائٹس فرانس چوہدری صفدر برنالی، سرپرست اعلیٰ پاک گروپ سپورٹس والی بال فرانس چوہدری رخسار احمد خان ،ممبر پاکستان جرنلسٹ فورم فرانس ملک منیر احمد، صدر مسلم لیگ ق یوتھ ونگ فرانس چوہدری ندیم ڈیرو گھنہ ،صدر اوورسیز فورم منڈی بہاو الدین طارق جاوید ،ممبر پیرس کائیٹ کلب سید شاہ زیب ارشد، چیئرمین جموں کشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم، صدر جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس مرزا آصف جرال اور سینئر کشمیری رہنما زاہد ہاشمی نے بھی اظہار خیال کیا اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

آخر میں علامہ حافظ اقبال اعظم نے امت مسلمہ کی حفاظت، کشمیریوں کی آزادی ، شہداء کشمیر ، شہداء پاک فوج اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں