تبوک: ایک سعودی خاتون کے ہاں علاج کے ذریعے 12 سال بعد 5 جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر تبوک میں ایک خاتون کے ہاں پانچ جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، خاتون سمیت تمام بچے خیریت سے ہیں۔
کنگ سلمان ملٹری اسپتال کی طبی ٹیم کا کہنا تھا کہ خاتون کے ہاں بچوں کی ولادت حمل کے 28 ویں ہفتے میں ہوئی ہے، بچوں کا وزن 950 گرام سے 1100 گرام ہے، سب صحت مند ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کے ہاں آخری بچے کی پیدائش 12 سال پہلے ہوئی تھی، خاتون نے اسپتال میں علاج شروع کروایا، جس کے بعد اب یہ جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی۔
واضح رہے کہ کنگ سلمان ملٹری اسپتال میں ٹیوب بے بی کے 2357 کیسز ہوئے ہیں، جن میں سے 538 ولادتیں ہوئی ہیں۔
سعودی میڈیا نے بچوں کی تصاویر جاری نہیں کیں۔