لاہور: آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار نے ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر ملک بھر میں تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر گداگروں کا داخلہ بند کرنے اور حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار نے تمام ایس پیز کو مراسلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں لاہور، کراچی، راولپنڈی، کوئٹہ، سکھر، پشاور اور ملتان ریلوے سٹیشن ملتان سمیت دیگر اہم سٹیشنوں کی حدود میں سیکورٹی کے حوالے سے کسی بھی گداگر مرد، خواتین اور بچوں کا مکمل طور پر داخل بند کردیا جائے۔
آئی جی نے کہا کہ کسی بھی گداگر کو ریلوے پلیٹ فارموں پر جانے نہ دیا جائے ریلوے اسٹیشن کے داخل اور باہر نکلنے والے راستوں کو مکمل طور پر کلیئر رکھا جائے، ڈراپ لائن اور مسافروں کو لینے آنے والے افراد مقررہ کردہ لائنوں میں رہیں۔
آئی جی ریلوے پولیس نے لیڈیز پولیس کمانڈوز کو ریلوے پلیٹ فارموں پر خواتین اور بچوں کے سامان کی میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیکنگ کرنے اور کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے پلیٹ فارموں پر مشکوک سامان اور افراد پر نظر رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ مشکوک حرکات کرنے والے افراد اور سامان کی بروقت اطلاع ڈیوٹی پر موجود پولیس اہل کاروں کو دی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو بھی سیکیورٹی کے معاملات کو چیک کرنے اور اہلکاروں کو الرٹ رکھنے کے لیے دن اور رات کے مختلف اوقات میں چیک کرتے رہیں اور سیکورٹی کے معاملات میں کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس حوالے سے آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ریلوے اسٹیشنوں کے اندر اور اس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی معاملات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی اور تمام اہل کاروں کو ذمہ داری کے ساتھ ڈیوٹی فرائض سرانجام دینے ہوں گے۔