حوثی باغیوں نے امارات پر مزید حملوں کی دھمکی دیدی

لندن: یمن کے حوثی باغیوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر متحدہ عرب امارات یمن کے خلاف جارحانہ اقدامات سے باز نہیں آیا تو مزید فضائی حملے کیے جا سکتے ہیں۔

حوثی باغیوں کے ترجمان کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ عام شہری اور بین الاقوامی کمپنیاں متحدہ عرب امارات میں واقع اہم تنصیبات سے دور رہیں، جہاں مستقبل میں مزید حملے کیے جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں پیر کے روز بندرگاہ کے علاقے میں تین آئل ٹینکروں میں دھماکوں سے ایک پاکستانی اور دو انڈین شہری ہلاک جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔

ان دھماکوں کو مبینہ طور پر حوثی باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے ڈرون حملوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز ایک بیان میں حوثی باغیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس کی سزا ضرور ملے گی‘ اور متحدہ عرب امارات اس دہشت گرد حملے کے خلاف جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ہلاکتوں کے فوراً بعد سعودی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد، جس کا متحدہ عرب امارات حصہ ہے، کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنا پر فضائی حملے کیے گیے جہاں حوثی باغیوں کا قبضہ ہے۔

صنا سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق عسکری اتحاد کی جانب سے کیے گئے حملوں میں شہری ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں