بھارت کو کشمیریوں اور اقلیتوں کی نسل کشی سے باز رکھنے کیلئے اقوام متحدہ ہنگامی بنیادوں پر قدم اٹھائے،شاہد تنویر

اوسلو(عقیل قادر) ہم آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، یہ بات پاکستان مسلم لیگ ناروے کے صدر شاہد تنویر نے5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تحریک کشمیر ناروے کے صدرشاہ حسین کاظمی اور جنرل سیکرٹری چوہدری رفاقت علی طاہر سے ملاقات کے دوران کہی۔

تفصیلات کے مطابق5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تحریک کشمیر ناروے کے صدرشاہ حسین کاظمی اور جنرل سیکرٹری چوہدری رفاقت علی طاہر نے پاکستان مسلم لیگ ناروے کے صدر شاہد تنویر، چیف آرگنائزر نزیرخالد بٹ، چوہدری رفاقت علی، ذوالفقار احمد گوندل، منور ڈار، محمد الیاس، راجہ منصور الحق اور دیگر اراکین سے ملاقات کی اور5 فروری کو نکالے جانےوالے ٹارچ لائٹ کے جلوس میں شرکت کی دعوت دی ۔اس دعوت کوپاکستان مسلم لیگ ناروے کے صدر شاہد تنویر، چیف آرگنائزر نزیرخالدبٹ اور عہدیداران نے قبول کیا۔
چیف آرگنائزر نزیرخالد بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناروے میں ہم نے کشمیر سوسائٹی ناروے کی بنیاد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، ہم نے اس وقت کے صدرآزاد کشمیر سردارعبدالقیوم کو خط لکھا جس کےبعد کشمیرسوسائٹی ناروے کا قیام عمل میں آیا اور سردار شبیر احمد پرانے عہدیداروں میں شامل تھے۔

پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ناروے کے صدر شاہد تنویر، چیف آرگنائزر نزیرخالد بٹ نے کہا کہ ہزاروں کشمیری آزادی کی خاطر اپنی جانیں پیش کرچکے ہیں اور عظیم جمہوریت کا دعویدار بھارت کشمیریوں کے ساتھ ہر قسم کا ظلم ڈھا رہا ہے۔

نریندر مودی کی حکومت انتہا پسندوں کی سرپرستی کرتی ہے،عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ بھارت کو کشمیریوں اور اقلیتوں کی نسل کشی سے باز رکھنے کے لے ہنگامی بنیادوں پر قدم اٹھائے۔اقوام متحدہ اپنا خصوصی نمائندہ مقبوضہ کشمیر بھیجے جو صورتحال کا غیر جانبداری کیساتھ جائزہ لیکر اقوام متحدہ کو آگاہ کرے۔

دنیا کےممالک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں اوردنیا بھارت کو پیغام دے کہ کشمیریوں کے جو حقوق ہیں وہ ان کو دیے جائیں اور ان پر ظلم و ستم بند کیا جائے اور بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں