کانپور:: بھارت میں مسلم سیاست دان اور رکن اسمبلی اسد الدین اویسی نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میری بات یاد رکھنا کہ ایک نہ ایک دن باحجاب لڑکی ہی بھارت کی وزیر اعظم بنے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر حیدرآباد سے لوک سبھا کے رکن اسد الدین اویسی نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ہم اپنی بیٹیوں کو ان شااللہ، اگر وہ یہ فیصلہ کرتی ہیں کہ ابا امی میں حجاب پہنوں گی، تو ابا امی پہلے بولیں گے بیٹا پہن، تجھے کون روکتا ہے، ہم دیکھیں گے۔
اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ حجاب پہنیں گے، نقاب پہنیں گے، کالج بھی جائیں گے۔ ساتھ ہی کلکٹر بھی بنیں گے، ڈاکٹر بھی بنیں گے اور بزنس مین بھی کانپور کے عوام تم یاد رکھنا میں زندہ رہوں یا نہ رہوں، دیکھنا ایک دن اس ملک میں ایک بچی حجاب پہن کر وزیر اعظم بھی بنے گی۔
حجاب پر پابندی کے معاملے پر دوٹوک مؤقف اختیار کرنے کی پاداش میں پولیس نے اسد الدین اویسی کی جماعت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے کئی عہدیداران کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس نے الزام عائد کیا ہے کہ گرفتار ہونے والے عہدیداران کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے کی پابندی کے خلاف گجرات کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کی تیاری کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک میں کالج کی ایک باحجاب طلبہ نے ہندو انتہا پسند طلبا کے جتھوں کے سامنے نعرہ تکبیر بلند کیا تھا جس پر دنیا بھر میں مسکان کو سراہا جا رہا ہے۔