آسٹریا میں 14 فروری سے پرائمری اسکولوں کے طلباء کیلئے ماسک کی پابندی ختم کرنیکا اعلان

ویانا (اکرم باجوہ) آسٹریا میں پرائمری اسکولوں کے طلباء کے لیے ماسک اب لازمی نہیں رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم مارٹن پولاسچیک نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بدھ کو پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ پرائمری اسکولوں کے طلباء کے لیے ماسک کی ضرورت 14 فروری سے ختم ہو جائے گی۔وزیر تعلیم نے پریس کانفرنس میں زور دیا کہ وہ اس بات سے واقف ہیں کہ اسکول میں ماسک پہننا آسان نہیں تھا اس لیے اس کا مقصد ماہرین کی مشاورت سے آہستہ آہستہ معمول پر آنا تھا۔

طلباء اور اساتذہ کی حفاظت اولین ترجیح ہے اس لیے اسکولوں میں ’’حفاظتی مرحلہ‘‘ فروری کے آخر تک لاگو رہے گا۔ طالب علموں کو فی الحال ویکسینیشن کی حیثیت سے قطع نظر ہفتے میں تین بار خود کو ٹیسٹ کرانا ہوگا۔اومیکرون لہر آسٹریا کے اوپر گھوم رہی ہے۔ بدھ کو 39410 نئے کورونا کیسز سامنے آئے اور 316516 لوگ اس وقت انفیکشن سے بیمار ہیں۔

آسٹریا میں اب تک 1920882 مثبت ٹیسٹ کے نتائج آئے ہیں۔ 2 فروری تک آسٹریا میں 14143 افراد کورونا وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہو چکے ہیں اور 1590223 صحت یاب ہو چکے ہیں۔اس وقت 1697 لوگ کورونا وائرس کی وجہ سے آسٹریا کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ان میں سے 185تشویشناک حالت میں انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں زیر علاج ہیں۔

ماہرین کے مطابق اومیکرون لہر کی ابھی تک چوٹی تک نہیں پہنچی ہے اور 9 فروری کے آس پاس مزید حالات خراب ہو سکتے ہیں مگر کوروناصورتحال بدستور خراب ہونے کے باوجود حکومت نے پہلے ہی کورونا اقدامات میں نرمی کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں