پولینڈ: امریکی صدر جوبائیڈن نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو ”جنگی مجرم“ کے بعد ایک اور لقب دے دیا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن پولینڈ کے دورے پر ہیں۔ آج انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے باعث پولینڈ آنے والے پناہ گزین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ایک صحافی نے صدر جوبائیڈن سے سوال کیا کہ وہ اپنے ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کے بارے میں کیا سوچتے ہیں جس پر امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایک ”قصائی“ ہیں۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل صدر جوبائیڈن نے روسی صدر کو ”جنگی مجرم“ قرار دیا تھا۔ امریکی صدر نے رپورٹرز سے گفتگو میں کہا تھا کہ یوکرین پر حملے کے ذمہ دار پیوٹن ہیں، یوکرین میں ہونے والی تباہی پر میں انہیں جنگی مجرم سمجھتا ہوں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے وضاحت دیتے ہوئے کا کہنا تھا کہ صدر جوبائیڈن نے جو کہا وہ ان کے دل کی آواز تھی، یوکرین میں روسی حملے سے تباہی کے مناظر دیکھ کر یہ ان کا ذاتی ردعمل تھا۔
روس نے امریکی صدر کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اور ناقابل معافی قرار دیا تھا۔ روسی صدر کے ترجمان نے بیان میں کہا تھا کہ کسی بھی سربراہ مملکت کی جانب سے ایسا بیان ناقابل قبول اور ناقابل معافی ہے۔