سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) انسانی خدمت کے عالمی ادارے اخوت کی سویڈن کے شہروں میں تنظیم سازی کا سلسلہ جاری ہے۔ سٹاک ہوم، گوتھن برگ، اپسالا، ویستروس کے بعد اب سویڈن کے شہر لنشوپنگ میں بھی اخوت سویڈن کی باقاعدہ شاخ قائم کردی گئی ہے۔
اخوت کی لنشوپنگ میں شاخ قائم کرنے کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی نظامت ڈاکٹر عاصم اعجاز نے کی۔ انہوں نے اخوت فاونڈیشن پاکستان کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب کی قیادت میں اخوت نے پاکستان میں عظیم خدمات سرانجام دی ہیں۔ اخوت قرضہ حسنہ دینے کا دنیا بھر میں سب سے بڑا ادارہ ہے۔
قرضہ حسنہ دینے کے ساتھ اخوت کلاتھ بینک، اخوت ہیلتھ سروسسز، اخوت خواجہ سرا بہبود پروگرام، اقیلیتوں کی سماجی بہبود و امداد، اخوت تعلیمی پروگرام اور دنیا کی پہلی بلا فیس یونیوسٹی کا قیام اہم شعبہ جات ہیں۔ اخوت سویڈن ان تمام مقاصد میں بھرپور تعاون کررہی ہے۔
اخوت سویڈن کے صدر ڈاکٹر عارف محمود کسانہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ مستحق اور ضرورت مندوں کی ہر طرح سے مدد کریں۔ یہ امر قابل تحسین ہے کہ سویڈن میں مقیم پاکستانی اخوت کے توسط سے یہ عظیم کام کر رہے ہیں۔ اخوت مذہب، رنگ، نسل اور زبان سے بالاتر ہو کر تمام انسانوں کی خدمت کرہی ہے۔ اخوت سویڈن کی جانب سے لاہور میں مسیحی برادری کو کرسمس کے موقع پر راشن اور ضروری اشیاءتقسیم کی جائیں گی۔
اسی طرح سٹاک ہوم میں بے گھر افراد میں کھانا بھی تقسیم کیا جائے گا۔ عارف کسانہ نے لنشوپنگ کے تمام احباب کو مبارکباد پیش کی کہ وہاں اخوت سویڈن کی باقاعدہ شاخ قائم کررہے ہیں۔اجلاس کے شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اخوت لنشوپنگ کو ایک فعال شاخ بنائیں گے اور اخوت کے پیغام کو عام کریں گے۔ اخوت سویڈن کے صدر عارف محمود کسانہ نے احباب کے باہمی مشورہ اور اتفاق رائے سے اخوت لنشوپنگ کے عہدیداروں کا اعلان کیا۔
نومنتخب عہدیداروں میں صدر ڈاکٹر عاصم اعجاز، نائب صدرروح الحلیم، جنرل سیکریٹری عدیل شاہ، انفارمیشن سیکریٹری محمد مصعب، انچارج خواتین ونگ ارم ناز جب کہ مجلس عاملہ کے اراکین میں ڈاکٹر نورین غفور اور مرزا عبداللہ جان شامل ہیں۔ نومنتخب عہدیداروں نے اخوت کے پیغام کو عام کرنے کے لئے جلد ہی لنشوپنگ میں ایک عوامی اجتماع منعقد کرنے کا ارادہ کیا۔