ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی مشیر نوشین وسیم نے کہا ہے کہ ریاض سیزن دنیا بھر کے لوگوں کو تفریح مہیا کر رہا ہے جہاں مقامی اور بیرون ممالک سے آنے والے افراد تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں اس میں گزشتہ سیزن کی طرح بھارت اور پاکستان کے فنکاروں کی شرکت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں موسم ریاض کے میڈیا سیل میں پاکستانی اور بھارتی صحافیوں سمیت دیگر افراد سے سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی مشیر نوشین وسیم نے ملاقات کی اور انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موسم ریاض کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور گزشتہ سیزن کی طرح اس سیزن میں بھی بھارت اور پاکستان کے لاکھوں افراد کے لئے سعودی گورنمنٹ کی جانب سے تفریحی ایونٹ کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے فنکار اور گلوکار دونوں ممالک میں یکساں مقبول ہیں اور دونوں ممالک کے فنکار ریاض سیزن میں پرفارم کریں گے پہلے مرحلے میں سلمان خان جیسے سپرسٹار اپنے دیگر فنکاروں کے ہمراہ دس دسمبر کو پرفارم کرنے آرہے ہیں جس میں بھارت سمیت پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہوگی۔
نوشین وسیم کا کہنا تھا کہ فنکار محبتوں کو فروغ دیتے ہیں اور ہمیں ان کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔