ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں جمعیت علماء اسلام ف اور قومی وطن پارٹی کی جانب سے سیرت النبیؐ کانفرنس منعقد کی گئی جس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ارکان بھی شریک ہوئے۔
کانفرنس سے ختم نبوتﷺ لندن اکیڈمی کے ناظم اعلیٰ مولانا سہیل باوا نے سیرت النبیؐ پر خطاب کیا۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والی سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ختم نبوتﷺ لندن اکیڈمی کے ناظم اعلیٰ مولانا سہیل باوا کا کہنا تھا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات ہمیں اعلیٰ اخلاق اور بھلائی کرنے کا درس دیتی ہیں اور ان کا اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ بھی ہے اور ہماری آخرت میں کامیابی کا وسیلہ بھی ہے اور اسلام ہمیں تمام مذاہب کا احترام کرنا سیکھاتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ دنیا بھی مسلمانوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرے۔
مولانا سہیل باوا کا کہنا تھا کہ بطور مسلمان ہم سب پر یہ بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عقیدہ ختم نبوتﷺ کے حوالے سے کام کریں اور قادیانیت جیسے فتنے سے اپنی نسلوں کو گمراہی سے بچائیں حضرت محمد ؐہی اللہ کے آخری پیغمبر ہیں جو خاتم النبیین ہیں اور ان کے بعد کوئی نبی نہیں ہے۔
سیرت النبیؐ کانفرنس سے قومی وطن پارٹی کے صدر اقبال ودود، جمعیت علماء اسلام ف کے صدر مولانا اسد خان اور جنرل سیکرٹری قاری ممتاز خان نے بھی اظہار خیال کیا۔