سعودی عرب میں انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کی جانب سے سندھی کلچر ڈے منایا گیا

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کی جانب سے سندھی کلچر ڈے کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی۔

سفارت خانہ پاکستان ریاض کے چانسری ہال میں منعقد ہونے والی تقریب میں سندھ باسیوں کے علاوہ پاکستان کے دوسرے صوبوں سمیت آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔

سندھی کلچر ڈے کی مناسبت سے تقریب میں ہر سو سندھی تہذیب اور ثقافت کے رنگ نمایاں تھے اور شرکاء نے پرجوش انداز کے ساتھ سندھ کے رنگوں کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام علاقائی رنگ اپنی ایک خاص اور الگ پہچان رکھتے ہیں اور پاکستانی ثقافتی رنگ دنیا بھر میں مشہور ہیں سندھ کی دھرتی قدیم روایات اور ثقافت کی امین ہے سندھ باب اسلام بھی ہے کہ یہاں سے پہلی مرتبہ اسلام اس خطے میں داخل ہوا دوسرا قیام پاکستان کے لئے بھی سندھ اسمبلی نے سب سے پہلے قراداد منظور کی اور حصول پاکستان کے لئے راہ ہموار کی اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ سندھ نے بڑے بھائی کا کردار ادا کیا سندھ اور اسکے باسی محبت اور باہمی بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیتے ہیں اور جس طرح گزشتہ کئی سالوں سے سندھی کلچر ڈے منایا جا رہا ہے یہ ایک خوش آئند بات ہے سندھ کے ثقافتی رنگ پورے پاکستان کے کلچر کی عکاسی کرتے ہیں اور جس طرح بیرون ممالک بھی اس دن کو منایا جاتا یے اس سے بھی پاکستانی کلچر نمایاں ہوتا ہے۔

سفیر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان دنیا کے دو اہم ترین ملک ہیں دونوں کے درمیان ایک مثالی دوستی ہے اور دونوں کے درمیان ہر شعبے میں تعاون بڑھ رہا ہے اور یہاں پر مقیم لاکھوں پاکستانی سفیر کا درجہ رکھتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ملک سے باہر رہنے والے تمام پاکستانی ملکی وقار اور اسکی عزت کا باعث بنیں اور اسکا نام روشن کریں۔

انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کے صدر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال میمن کا کہنا تھا کہ انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم گزشتہ کئی سالوں سے سعودی عرب میں مقیم ہم وطنوں کے لئے فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اسکے علاوہ ہماری بھرپور کوشش رہی ہے کہ ہم سندھی کلچر ڈے کو ہر سال جوش وخروش کے ساتھ منائیں جس میں ہم اپنی کیمونٹی کے بھی بہت مشکور ہیں جنھوں نے ہمیشہ ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے ۔

انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کے سابق صدر ذیشان قاضی کا کہنا تھا کہ سندھ کی دھرتی محبتوں کی سرزمین ہے یہاں کے باسی باہمی رواداری اور اپنی قدیم روایات کو زندہ رکھے ہوئے ہیں سندھ کی ثقافت پاکستان سے نکل کر دنیا بھر میں اپنی شناخت بنا چکی ہے جس سے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو ایک نئی پہچان مل رہی ہے۔

تقریب میں غلام قادر ملاح سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب میں انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کی جانب سے سفیر پاکستان سمیت دیگر سفارتی افسران کو سندھی اجرک اور ٹوپی پہنائی گئی جبکہ سفیر پاکستان کی اہلیہ کو بھی سندھی شال پیش کی گئی تقریب میں مقامی گلوکار نعیم سندھی نے سندھی فوک میوزک پیش کرکے خوب سماں باندھا جس پر سفیر پاکستان سمیت دیگر افراد رقص کرتے رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں