شارجہ (33 نیوز خبارتازہ ترین ۔ 06 جولائی 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں خواتین کے لیے تین الگ بیچز بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ گلف نیوز کے مطابق سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے الحمریہ بیچ کا کچھ حصہ خواتین کے لیے مختص کرنے اور کلبہ اور خورفکن میں خواتین کے لیے دو ساحلوں کی تکمیل کی ہدایت کی ہے، جہاں خواتین کے سکون اور رازداری کا مکمل خیال رکھا جائے گا، اس کے علاوہ شیخ سلطان نے المدام میں “مدفون گاؤں” کو محفوظ کرنے اور اسے سیاحوں کے لیے تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، شارجہ کے حکمران نے المدام میں میونسپل کونسل کے چیئرمین اور شارجہ میونسپلٹی کے ڈائریکٹر کو بھی ہدایت کی کہ وہ المدام میں مدفون گاؤں کو جلد محفوظ کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں، ان ہدایات کا اعلان شارجہ براڈکاسٹنگ اتھارٹی کے ذریعے نشر ہونے والے ڈائریکٹ لائن پروگرام کے دوران کیا گیا۔