تمام سیاسی رہنما قومی مفاد کو ترجیح اور ملک کو معاشی، سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے ملکر آگے بڑھیں۔سابق رکن قومی اسمبلی
کراچی(نمائندہ رخسار بٹ)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ جمہوریت کی فتح ہے، تمام سیاسی رہنماءتحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذاتی مفادات کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح اور ملک کو معاشی، سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے ملکر آگے بڑھیں ، پی ٹی آئی مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کیلئے اپنی ضد اور انا کو ختم کرے، برصغیر کے مسلمانوں نے ہندو قوم کے خطرناک عزائم کو مد نظر رکھتے ہوئے مسلمانوں کے دین و مذہب، جان و مال، تہذیب و تمدن کی حفاظت اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی فکری اور عملی توانائیاں ایک علیحدہ اسلامی ریاست کے قیام کے لیے وقف کر دیں۔بالآخر برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائی ، ہجری و قمری تقویم کے اعتبار سے وہ چھبیس رمضان کا دن اور ستائیس رمضان کی شب تھی جب خالق ارض و سماءاللہ ربّ العزت کے خاص فضل و کرم سے ایک آزاد خود مختار اسلامی فلاحی ریاست ”اسلامی جمہوریہ پاکستان“ کا قیام عمل میں آیا۔ رمضان کی مبارک ساعتوں میں پاکستان کا معرض وجود میں آنا درحقیقت قدرت الٰہی کا بہت بڑا انعام ،اور رمضان المبارک میں مسلمانوں کی دعا?ں کی قبولیت، قرآن کریم کی تلاوت اور کلمہ طیبہ کی برکت تھی۔لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آزادی کو طویل عرصہ گذرجانے کے باوجود پاکستان میں اسلامی نظام ایک دن کیلئے بھی رائج نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباءآڈیٹوریم میں صوبائی دفتر کے کارکنان و برادرتنظیمات کے اعزاز میں منعقدہ ”افطارپارٹی“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خالق ارض و سماءللہ ربّ العزت نے اہل پاکستان کو انتہائی خوبصورت خطہ سرزمین سے نوازاہے جہاں ایڈونچر سے بھرپور ٹورازم، قدرتی حسن و خوبصورتی سے مزین مقامات کے علاوہ مذہبی و تاریخی مقامات کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ سرزمین پاکستان کے قدرتی مناظر میں ساحل سمند رسے لے کر آسمان کو چھوتی برف پوش پہاڑی چوٹیاں، خوبصورت آبشار یں، چشمے و جھرنے ، سرسبز گھنے جنگلات اور وادیاں ، خوابوں سے بھری رومان خیز جھیلیں اور وسیع و عریض دنیا کے مشہورصحرا شامل ہیں۔ اور ان سب سے بڑھ کر یہ کہ قیام پاکستان کی بدولت اہل پاکستان کو غلامی کے طوق سے نجات ملی جو کہ قدرت الٰہی کی انمول ترین نعمت ہے۔مگر ہم آج بھی عالمی مالیاتی اداروں، بیرونی طاقتوں کے غلام حکمرانوں کے زیرتسلط مغربی تہذیب اور لادین نظام کے سائے تلے زندگی گذارنے پر مجبور ہیں، ملک اس وقت شدید معاشی اور سیاسی بحرانوں کا شکار ہے جبکہ عوام مہنگائی، بدامنی،بھوک،بدحالی اور افلاس کی وجہ سے شدید مسائل کا شکار ہیں اور ملکی نظریاتی وجغرافیائی سرحدیں بھی غیر محفوظ ہیں، ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں فحاشی کا سیلاب امڈ آیا ہے، لبرل اور بے دین حکمرانوں کی وجہ سے آج میڈیا اسلامی تہذیب کی بجائے ہندووانہ اور مغربی تہذیب کے پھیلاﺅمیں مصروف اور ہماری آنے والی نسلوں کو دین سے دور کررہا ہے، رمضان کے مبارک مہینے میں انفاق فی سبیل اللہ کی حدوں کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے، اس ماہ میں سندھ باب الاسلام بنا تھا جس کی وجہ سے برصغیر میں اسلام کا پھیلاﺅ ہوا، جماعت اسلامی ملک میں سیکولر، لبرل اور فسطائی نظام کے خاتمے اور اسلام کے بابرکت نظام کیلئے جدوجہد کررہی ہے، وقت آگیا ہے کہ اب آزمائے ہوئے وڈیروں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں کی بجائے دیانتدار قیادت کو ملک کا اقتدار سونپا جائے تاکہ پاکستان حقیقی معنی میں اسلامی اور خوشحال پاکستان بن سکے اور تمام مسائل سے نجات حاصل ہو۔
اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد مسلم، مولانا مفتی ملک آفتاب، ناظم عمومی محمد دین منصوری سمیت دیگر رہنماءبھی موجود تھے۔