وزیراعظم خلاف عدم اعتماد؛زرداری نے ایک اور وکٹ اُڑا دی

بلوچستان سے آزاد حیثیت منتخب رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔اسلم بھوتانی نے کہا کہ میں آصف زرداری کے ساتھ ہوں، ان کا حکم ہوا تو میں حاضر ہوں۔

رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے اس بات کا اعلان اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی قیادت آصف زرداری اور بلاول کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر بلوچ رہنما اختر خان مینگل، ایاز صادق اور دیگر بھی موجود تھے۔

اسلم بھوتانی نے کہا کہ میں اپوزیشن نہیں بلکہ آصف زرداری کے ساتھ ہوں ان کے بہت احسانات ہیں مجھ پر، آصف زرداری جہاں ہیں میں بھی ان کے ساتھ ہوں، آصف زرداری کا حکم ہوا تو میں حاضر ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی، قبل ازیں جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی بھی ہمارے ساتھ شامل ہوچکے ہیں۔

ق لیگ کے حکومت کی حمایت کے سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ ملک کو بچانے کی غرض سے میں نے (ق) لیگ کو بھی دعوت دی وہ ہمارے ساتھ چلنے کے لیے تیار تھے کہ معلوم نہیں انہیں کیا ہوا کہ وہ کہیں اور چلے گئے، ان سے پوچھا جائے کہ رات کے بارہ بجے ہمیں مبارک باد دینے آتے ہیں اور صبح کہیں اور چلے جاتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے بھی نمبرز ہمارے پاس ہیں حکومت کے پاس نہیں، جسے اپوزیشن نامزد کرے گی وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خان صاحب کی عادت ہے جھوٹے الزامات عائد کرنا، عدم اعتماد کے لیے ہمارے نمبرز پورے تھے اور اب اس سے بھی زیادہ ہیں، ایم کیو ایم کا ایک مطالبہ نہیں ہے ہم آج بھی ان کے کسی مطالبے سے انکار نہیں کررہے، کراچی کی ترقی کے لیے ہمیں ایم کیو ایم کے ساتھ دیرپا تعلقات قائم کرنے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں