اپوزیشن کو کچھ نہیں ملنے والا ، عمران خان مقبول ہو گیا، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا جو نتیجہ بھی نکلے، میرے پاس اندر کی خبر ہے کہ ’گینگ آف تھری‘ کو کچھ نہیں ملنے جارہا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اقتدار کے بھوکوں کی نااہلی اور نالائقی سے عمران خان مقبول ہوگیا ہے، ورنہ میرے لیے بہت مشکل تھا۔

انہوں نے کہا کہ 7 روز کے لیے 9206660، 9218594 وزارت داخلہ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے نمبرز ہیں جو 24 گھنٹے کھلا رہے گا، اس وقت پورا اسلام آباد کھلا ہے، افواہوں پر نہ جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پہنچنے میں کسی جگہ کوئی رکاوٹ ہو تو رینجرز اور ایف سی امن و امان یقینی بنانے کے لیے موجود ہیں، میں جے یو آئی (ف) سے توقع رکھتا ہوں کہ کشمیر ہائی کو کھلا رکھا جائے گا جس کا چیف جسٹس نے بھی حکم دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا احترام سر آنکھوں پر آپ کا حق ہے کہ ریلی کریں، لیکن جو وقت آپ کو دیا گیا ہے وہ ختم ہوچکا ہے البتہ اگر پھڈا ڈالنے کی کوشش کی تو چیف جسٹس کی ہدایت کی روشنی میں اسلام آباد کی انتظامیہ ایکشن لے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ’گینگ آف تھری‘ کی سیاست کا معیار اس قدر گر چکا ہے کہ قاتلوں کو بھی دبئی سے بلا رہے ہیں، کیا دنیا میں کہیں بھی کوئی ایسا قانون کوئی ہے کہ کوئی شخص بیرونِ ملک بیٹھ کر عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرلے۔

انہوں نے کہا کہ آج تاریخی جلسہ ہو رہا ہے، میں جے یو آئی (ف) سے خصوصی طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ سری نگر ہائی وے کو کھلا رکھیں، آپ کا وقت ختم ہوچکا ہے، 28 تاریخ کو یہ مقام مسلم لیگ (ن) نے مانگا ہے وہ شوق سے جلسہ کرے، اگر مقصد کوئی ہنگامہ آرائی یا انتشار کرنا ہے تو ایسا نہیں ہوگا۔

شیخ رشید نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا جو نتیجہ بھی نکلے، میرے پاس اندر کی خبر ہے گینگ آف تھری کو کچھ نہیں ملنے جارہا۔

انہوں نے کہا کہ جس دن ووٹ ہوں گے عمران خان اسمبلی سے جیتے یا عوام میں جیتے، وہ آئے گا اور چھا جائے گا تم دیکھتے رہ جاؤ گے اور اسلامی مدارس کو اپنے اقتدار کے مفاد میں مت جھونکو۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھگوڑوں کی پارٹی کا آپ کو پتا ہے جن کی اولادیں، جائیدادیں باہر اور غیر ملکی شہریت کے حامل ہیں، قوم کو لوٹنے کے لیے آتے ہیں، یہ سیاسی کفن فروش شاہراہِ دستور پر اپنے سیاسی انجام کو پہنچیں گے چاہے کتنا ہی وقت لگے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میری خبر ہے کہ وہ نہیں ہونے جارہا جو تم سوچے بیٹھے ہو، شہباز شریف صاحب تمہاری اچکن نیکر بن جائے گی، آپ سمجھ رہے ہیں کہ اقتدار آپ کی جھولی میں آئے گا، لیکن ایسا نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کی تقریر ہو لینے دیں پھر میں 4 تاریخ تک روز آپ کے سامنے آکر پریس ٹاک کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں