پسماندہ علاقوں کی براڈ بینڈ سروسز فراہمی کیلئے 8ارب کے منصوبوں کا اجراء

اسلام آباد:وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے چاروں صوبوں کے پسماندہ علاقوں کی 25 لاکھ سے زائد آبادی کو براڈ بینڈسروسز کی فراہمی کیلئے 8 ارب روپے سے زائد کے مزید 7 منصوبوں کا اجرا ء کردیا جن میں بلوچستان کیلئے ساڑھے 3 ارب کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

پراجیکٹس کی منظوری پیر کو وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 81 ویں اجلاس میں دی گئی۔ جس کے بعد 2018 سے اب تک آپٹیکل فائبر کیبل اور براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے منصوبوں کی تعداد ریکارڈ 56 اور مجموعی لاگت 52 ارب روپے سے زائد ہوگئی ہے۔

اجلاس کی صدارت سیکرٹری آئی ٹی و چیئرمین بورڈ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کی۔اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، میانوالی، اٹک اور راولپنڈی اضلاع سے منسلک ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے کے 95 کلومیٹر حصے پر بلاتعطل براڈ بینڈ سروسز کا منصوبہ جاز کو 37 کروڑ 53 لاکھ روپے کی سبسڈی پر دینے کی منظوری دی۔

اسی طرح اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں کے 6 دیہی علاقوں میں براڈ بینڈ سروس فراہمی کا منصوبہ ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کی لاگت سے جاز کو سونپا گیا ہے۔ منڈی بہا الدین کے ایک دیہات میں موبائل سروسز فراہمی کا منصوبہ بھی جاز نیٹ ورک کو 2 کروڑ 26 لاکھ کی لاگت سے سونپا گیا ہے۔

آپٹیکل فائبر کیبل پروگرام کے تحت سندھ کے اضلاع لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ میں 555 کلومیٹر طویل فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کا منصوبہ پی ٹی سی ایل کو دیا گیا ہے جس کی مجموعی لاگت ایک ارب 61 کروڑ روپے اور تکمیل کی مدت ایک سال ہے منصوبے سے ان اضلاع کی 62 یونین کونسلوں کو منسلک کرتے ہوئے 12 لاکھ سے زائد آبادی کو سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے گی۔

آپٹیکل فائبر کیبل پروگرام کے تحت ہی ہری پور اور اسلام آباد کی 6 یونین کونسلوں کی ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد آبادی کیلئے 106 کلومیٹر طویل کیبل بچھانے کا منصوبہ پی ٹی سی ایل کو دیا گیا جس کی مجموعی لاگت 41 کروڑ جبکہ دی جانے والی سبسڈی 23 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں