پیرس(سید شاہ زیب ارشد)آزاد کشمیر اسمبلی میں گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے حوالے سے قرار داد پیش ہو نے کے ممکنہ امکانات ،جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ فرانس کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ، کانفرنس کی صدارت جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر ملک مشتاق پاشا نے کی، سٹیج سیکرٹری کے فرائض سردار عدنان نے ادا کئے،تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا جس کی سعادت قاری طاہر عباس گورایہ نے حاصل کی۔
کانفرنس میں کشمیری کمیونٹی کے علاوہ پاکستان کی سیاسی اور سماجی تنظیموں کے سرکردہ افراد اور صحافیوں نے شرکت کی، ممتاز سماجی شخصیت حاجی مزمل اور منہاج ڈائیلاگ فورم کے صدر قاری طاہر عباس گورایہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں وہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جموں کشمیر فورم فرانس کے چیئرمین چوھدری نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا ایک انتہائی خوفناک قدم ہوگا اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر پر پاکستان کا موقف کمزور ہو جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ وہ کشمیر بنے کا پاکستان کے نعرے پر یقین رکھتے ہیں مگر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی شدید مخالفت کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری شیخ وسیم اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کھل کر ایسے ہر اقدام کی مخالفت کرے گی جو گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے لئے اٹھایا جائے، مسلم لیگ ن کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حامی ہے اور کشمیر کو تقسیم کرنے کی مخالف کرتی رہے گی، انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی اس سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر راجہ اشفاق نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا کشمیریوں کے خون سے غداری ہوگی،کشمیر کی موجودہ حیثیت کو تبدیل کرنا کشمیری عوام سے دھوکہ ہو گا اور ایسے ہر قدم کی مزاحمت کی جائے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے چیئر مین قاضی عامر نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی سب سے بلند آواز شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اٹھائی ، پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی تھی اور ان کی آزادی تک ان کا ساتھ دے گی، انہوں نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی شدید مخالفت کی۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ فرانس کے رہنما ملک ناصر نے کشمیر کی تاریخ پر مکمل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کو ہی کرنا ہے اور یہ حق انھیں یو این او نے دیا ہے اور ہم کسی کو بھی کشمیر کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کے رہنما سردار ذوالفقار عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی ایک ان پڑھ اور جاہل انسان ہے اور مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو اگست 2019میں تبدیل کرکے اس سے ایک غلط فیصلہ کروایا گیا، پاکستان کے حکمرانوں نے بھی 72 سالوں سے کشمیر کے مسئلے پر سنگین غلطیاں کیں اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا ایک اور سنگین نوعیت کی غلطی ہوگی۔
پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے سابق جنرل سیکرٹری منیر احمد ملک نے اپنے خطاب میں موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا فیصلہ ہمارے ان تحفظات کو یقینی بناتا ہے کہ عمران خان نے کشمیر کا سودا کرلیا ہوا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان میں بسنے والے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملنا چا ہئے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں ، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا فیصلہ کشمیر سے ہاتھ دھونے کے مترادف ہوگا۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ فرانس کے صدر عمران بٹ نے مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کی ہے، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر ملک مشتاق پاشا نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ تمام حاضرین کے خیالات کا دل سے احترام کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا کشمیریوں کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے برابر ہے ، ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ غلطی ہوگی جو مودی نے مقبوضہ کشمیر میں کی ۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تمام پاکستانیوں اور کشمیری کمیونٹی کے لوگوں سے مل کر وہ اپنی آواز ارباب اختیار تک پہنچائیں کہ خدارا کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جو مسئلہ کشمیر کو دفن کرنے کے مترادف ہو ، ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ فرانس میں پاکستانی سفارت خانہ کے سامنے کوئی احتجاج کیا جائے لیکن اگر ہماری آواز پر کان نہ دھرے گئے تو احتجاجی مظاہرہ کرنےکا حق رکھتے ہیں۔
اس موقع پر حاضرین محفل نے سانحہ پشاور کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،تقریب کے آخر میں سانحہ پشاور، شہداء کشمیر ،شہداء پاک فوج اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔