ملتان سلطانز لاہور قلندرز کو ہرا کر پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

لاہور: پی ایس ایل 7 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 164 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بناسکی۔

فخر زمان کی 63 رنز کی اننگز بھی قلندرز کو شکست سے نہ بچاسکی، عبداللہ شفیق 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کامران غلام 20 رنز بناسکے۔

محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے خوشدل شاہ کا نشانہ بنے، ہیری بروک 13 رنز بنا کر شاہنواز دہانی کو وکٹ دے بیٹھے، فل سالٹ کو بھی ایک رن پر دہانی نے پویلین کی راہ دکھائی، سمت پٹیل 11 رنز بناسکے۔

سلطانز کی جانب سے شاہنواز دہانی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ڈیوڈ ولی نے دو وکٹیں حاصل کیں، خوشدل شاہ اور آصف آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے اور قلندرز کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا تھا۔

رلی روسو نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان محمد رضوان 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

شان مسعود کو محمد حفیظ نے دو رنز پر پویلین روانہ کیا، عامر عظمت 33 رنز بنا کر سمت پٹیل کو وکٹ دے بیٹھے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے محمد حفیظ اور سمت پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں