بیجنگ: چین نے امریکا کی جانب سے نائن الیون متاثرین کو ہرجانے کے بہانے افغان فنڈز سے آدھی رقم دینے کو ڈکیتی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جوبائیڈن انتظامیہ چوری شدہ رقم فوری طور پر افغان عوام کو واپس کرے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنینگ نے اپنی ٹویٹ میں امریکا کے افغان فنڈز سے نائن الیون متاثرین کو رقم کی فراہمی کے فیصلے کو افغان اثاثوں سے چوری قرار دیتے ہوئے لکھا کہ یہ کھلی ڈکیتی، بے شرمی اور اخلاقی گراوٹ ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں میں سے چوری شدہ رقم فوری طور پر افغان عوام کے حوالے کرے اور افغانستان، عراق، لیبیا میں امریکی فوجی حملوں کے متاثرین کو زرتلافی ادا کرے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک حکم نامے کے ذریعے افغانستان کے مرکزی بینک کے 7 بلین ڈالر کے اثاثوں میں سے نصف نائن الیون متاثرین اور آدھے افغان عوام کو دینے کا اعلان کیا تھا۔