پریٹوریا(تارکین وطن نیوز)جنوبی افریقہ کے دارالحکومت پریٹوریا میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ہونے والے اس سیمینار میں پاکستانی کمیونٹی اور سفیروں سمیت مقامی سرکردہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ بہت سے ملکوں کے ان سفارتکاروں نے جو سیمینار میں شریک نہیں ہوسکے ، کشمیریوں کیلئے یکجہتی کے پیغامات بھیجے۔
اس موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے ایک خصوصی ڈاکیومنٹری ریلیز کی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا۔
پاکستان کے ہائی کمشنر مظہر جاوید نے سیمینار سے خطاب میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے وعدوں پر عملدرآمد کروائے ۔