برسلز( نمائندہ خصوصی) پاک- بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حافظ انیب راشد نے معروف کاروباری شخصیت اور اسلامک سینٹر کے امام وخطیب مولانا عدنان فیروز سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں PABOCCI کا تعارف پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو میں حافظ انیب راشد نے مولانا عدنان فیروز کو اس تجارتی تنظیم بنانے کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ انہوں نے کہاکہ PABOCCI کا نظریہ یہ ہے کہ اوورسیز میں رہنے والے پاکستانی کس طرح سے اپنی مادر وطن اور جس ملک میں وہ مقیم و رہائش پذیر ہیں ان کے درمیان پہلے سے موجود تجاری و ثقافتی تعلقات میں کیا مزید بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر اس حوالے سے موجود مختلف آئیڈیاز پر بھی گفتگو ہوئی۔جواب میں مولانا عدنان فیروز نے حافظ انیب راشد کا انکی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے PABOCCI کی تشکیل کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔
انہوں نے اس خیال سے اتفاق کیا کہ اوورسیز کو اب تک پاکستان میں صرف پلاٹ کے خریدار کے طور پر ہی دیکھا جاتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ لوگوں کے سامنے ایسے نئے منصوبے پیش کیے جائیں جس میں سرمایہ کاری کے ذریعے ملک کے حقیقی سرمائے اور قدروقیمت میں اضافہ کیا جا سکے۔اس موقع پر انہوں نے چیمبر کے صدر کو اپنے تعاون کا یقین دلایا اور اس تنظیم کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔