کوئٹہ: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتوں کی طرف سے خلل ڈالنے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ آرمی چیف نے بلوچستان کے ضلع کیچ اور تربت کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ وقت گزارا۔
آرمی چیف کو ہیڈ کوارٹرز ایف سی بلوچستان جنوبی میں پاک ایران باڑ لگانے سمیت سکیورٹی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف کی آمد پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی نے استقبال کیا جہاں آرمی چیف نے ایف سی کی خواتین اہلکاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا مطلب ملک کی ترقی ہے۔
صوبائی حکومت کے ساتھ امن اور استحکام کیلئے تعاون کرتے رہیں گے، فوج امن کی بحالی و ترقی کے لیے بلوچستان حکومت کی بھرپور مدد کرے گی۔