پشاور: بارشوں اور برفباری سے صوبے سمیت ملک بھر میں نقصانات کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ تین روز سے جاری بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا میں 5 اور ملک کے دیگر علاقوں میں 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
کوہاٹ کے دور افتادہ علاقے پستہ ونی میں خانہ بدوشوں کے خیمے پر آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جھلس کر جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے‘ چارسدہ کے علاقے مفتی آباد میں مومن نامی شخص کے مکان کی دیوار گرنے سے اس کا 8 سالہ بچہ عثمان جاں بحق ہوگیا۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کڑی خیسور خانو خیل شمالی میں محمد حنیف کے مکان کی چھت بارشوں سے منہدم ہوگئی‘ حادثے میں ایک بچہ جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے‘ صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں اور برفباری سے مکانات گرنے اور راستے بند ہونے کی اطلاعات ہیں۔جمعے کے روز شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔
دریں اثناء کراچی میں تیز ہواؤں کے باعث دیواریں گرنے اور دیگر حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے۔
منگچر میں پھسلن کے باعث کوچ اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ادھر ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مری اور گلیات میں گزشتہ روز سے ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں کل تک برفباری جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔