فرانس کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر،’’ویکسین نامنظور‘‘ کے نعرے

پیرس(سید شاہ زیب ارشد)فرانس کے مختلف شہروں میں کرونا کی ویکسین نہ لگانے پر پابندیوں کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرے شروع کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے ہزاروں لوگ ویکسین کے خلاف احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں، ہر اختتامی ہفتے کو ہونے والے ان مظاہروں میں ہزاروں لوگ شریک ہوتے ہیں، مظاہروں میں شریک افراد ’ویکسین نامنظور‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔

شہری اس قانون کو مسترد کر رہے ہیں جس میں کرونا کے خلاف ویکسین نہ لگوانے والے لوگوں پر سخت پابندیوں کا نفاذ کیا جائے گا، پارلیمنٹ میں اس سلسلے میں بل کے مسودے پر بحث جاری ہے۔

گزشتہ روز کیے گئے احتجاج میں مختلف شہروں میں 54 ہزار افراد نے شرکت کی تھی، پولیس کی جانب سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے ان مظاہروں میں ایک لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔

فرانس کی وزارت داخلہ ملک کے مختلف شہروں میں کیے جانے والے ان مظاہروں میں شریک افراد کے اعداد و شمار اکھٹے کرتی ہے، فرانس کی پارلیمنٹ میں ویکسین نہ لگانے والے شہریوں پر مختلف قسم کی پابندیوں کی قانون سازی کے لیے اراکین میں ایک ڈرافٹ بل پر بحث جاری ہے۔

دارالحکومت پیرس میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ ایفل ٹاور کے قریب کیا گیا جس کی قیادت دائیں بازو کے سیاست دان فلورین فلیپوٹ نے کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں