برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے باڈی گارڈز واپس حاصل کرنے کے لیے برطانوی حکومت کے خلاف مقدمہ کرنے کی دھمکی دے دی۔
شاہی خاندان چھوڑ کر دوسال قبل امریکا منتقل ہونے والے شہزادہ ہیری کا مطالبہ ہے کہ انہیں برطانوی عوام کے ٹیکس سے فنڈ کردہ سکیورٹی فراہم کی جائے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر شہزادہ ہیری کی جانب سے مقدمہ دائر ہوا تو شاہی خاندان کے فرد کی جانب سے میجسٹی حکومت کے خلاف یہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہوگا۔
شہزادہ ہیری دو سال پہلے شاہی ذمہ داریوں سے فارغ ہو گئے تھے، اب شہزادہ ہیری کے وکیل نے برطانیہ کی وزارتِ داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر برطانوی حکومت نے انہیں مسلسل سکیورٹی فراہم نہیں کی تو وہ معاملے کا عدالتی جائزہ چاہیں گے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں شہزادہ ہیری اور وزرا کے درمیان برطانیہ کے ہائی کورٹ میں عدالتی جنگ کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ کو ان کے پوتے شہزادہ ہیری کے ان ارادوں سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شاہی خاندان کو یہ خبر ایسے موقع پر ملی جب ورجینیا رابرٹس نامی ایک خاتون نے اپنی کمسنی کے دور کا ایک کیس کیا ہوا ہے جس کے مطابق مبینہ جنسی تعلق کے سبب ملکہ برطانیہ کو اپنے بیٹے شہزادہ اینڈریو سے شاہی اعزازات واپس لینا پڑے تھے۔