وزیراعظم عمران خان نے اپنی خصوصی تحریرمیں کہا ہےکہ طاقتور‘مکار سیاستداں اور مافیاقانون سے بالارہنے کے عادی ہیں‘ انہوں نے اداروں کو بھی کرپٹ کردیا۔ یہ ملکی نظام سے خون چوسنے والی جونکیں ہیں ان کو شکست دینا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے اپنی تحریرمیں کہا کہ میں اس نکتے پر زور دوں گا کہ پاکستان کوجو چیلنج درپیش ہیں،ا ن میں فوری توجہ کا مستحق قانون کے احترام کا چیلنج ہے۔ ہمیں اس کے لیے جد وجہد کرنی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری75 سالہ تاریخ، اس کلچر کی اسیر رہی ہے جس میں طاقت وراور مکار سیاست دان اور مافیا اس کے عادی ہوگئے ہیں کہ وہ قانون سے بالاتر رہ کر، اس کرپٹ سسٹم کی مدد سے حاصل کردہ اپنی سہولتوں اور مراعات کو محفوظ بناسکیں۔ اپنی ان مراعات کا تحفظ کر تے ہوئے، انہوں نے ریاستی اداروں کو بھی کرپٹ بنایا۔ بالخصوص ان کو ،جن کا کام ہی یہ تھا کہ قانون کے احترام اور حاکمیت کی حفاظت کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے افراد اور مافیا اس نظام سے خون چوسنے والی وہ جونکیں ہیں جو اس ملک کے ساتھ مخلص نہیں۔ پاکستان کی حقیقی قوت ،وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے،ان کو شکست دینا ناگزیر ہے۔