اسلام آباد:مری میں پھنسے سیاحوں کی امدادکیلئے پاک فضائیہ کے جوان بھی میدان میں آگئے۔
متاثرین کی سہولت کیلئے کالاباغ اور لویر ٹوپ بیسز پر کرائسز مینجمنٹ سیل قائم کردیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی خصوصی ہدایات پر مری میں ہونے والی شدید برفباری کے باعث پھنسنے والے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کیلئے پاک فضائیہ کے جوانوں نے مری اور گلیات میں امدادی کارروائیاں جاری شروع کردیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ پھنسے سیاحوں کو رہائش، خوراک، گرم کپڑے اور طبی سہولتیں دی جارہی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ آپریشنز میں پاک فضائیہ نے متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا، مزید سیاحوں کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر آپریشن بھی شروع کیا جائے گا۔
پاک فضائیہ کے کالاباغ اور لوئر ٹوپہ بیسز متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جب کہ فضائیہ حکام نے لوگوں کی سہولت کیلئے دونوں بیسز پر کرائسز مینجمنٹ سیل بھی قائم کردیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ برفباری میں پھنسے سیاح پاکستان ایئرفورس کی کالاباغ بیس کے کرائسز مینجمنٹ سیل سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
ترجمان نے کالاباغ 03239418252اور 03218838444اور لوئر ٹوپہ 03239417015اور051954555بیسز سے رابطے کیلئے نمبرز بھی مہیا کردئیے۔