کیلیفورنیا(تارکین وطن نیوز)ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب کی سی ای او سوزین ووجسکی نے فیس بک پر ’سول سسٹرز پاکستان‘ کے نام سے مشہور پیج کی بانی، نامور پاکستانی کریئٹر کنول احمد کا خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی انٹرویو لیا ہے۔
کنول احمد پہلی پاکستانی شہری ہیں جنہیں سوزین ووجسکی نے اپنی یوٹیوب سیریز کے لیے مدعو کیا۔سوزین ووجسکی نے کنول احمد کو اپنی یوٹیوب سیریز میں خواتین کو اکٹھا کرنےاور ان کے کچھ اہم مسائل پر گفتگو کرنے کے لیے مدعو کیا۔
کنول احمد کا فیس بک پر ’سول سسٹرز پاکستان‘ کے نام سے ایک پیج ہے، جہاں اُنہوں نے ملک بھر سے خواتین کو مدعو کیا کہ وہ اپنے مسائل کے بارے میں بات کرکے ان کا حل تلاش کرنے میں مدد حاصل کرسکتی ہیں۔
اس کے علاوہ کنول احمد کا ویڈیو شیئر نگ ایپ یوٹیوب پر بھی ’کونورزیشنز ود کنول‘ کےنام سےایک چینل ہے، جہاں انہوں نے خواتین کے ایسے مسائل پر بات کرنا شروع کی جوکہ اہم ہیں اور معاشرے میں عموماََ نظر انداز کردیے جاتے ہیں۔
یوٹیوب کی سی ای او سوزین ووجسکی نے کنول احمد سے ان کے خواتین کے لیے اُٹھائے گئے ان اقدامات کے حوالے سے کئی اہم سوالات کیے اور کنول نے تمام سوالات کے بہت دلچسپ جوابات دیے۔