یورپ کے دیگر ممالک کی طرح فرانس میں بھی شب معراج انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی

پیرس(سید شاہ زیب ارشد)یورپ کے دیگر ممالک کی طرح فرانس میں بھی شب معراج انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی۔

ادارہ منہاج القرآن فرانس کی جانب سے جشن معراجِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ایک عظیم الشان جلسے کا اہتمام کیا گیا ، شیخ الاسلام علامہ طاہر القادری کے بڑے صاحبزادے حسن محی الدین مہمان خصوصی تھے، محفل میں خواتین اور بچوں سمیت پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض قاری طاہر عباس گورایہ نے سرانجام دئیے، نعت خواں حضرات نے سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں قصیدہ خوانی کی، جلسے میں سفارت خانہ پاکستان فرانس کے عملے نے بھی شرکت کی،ڈائریکٹر منہاج القرآن فرانس علامہ حسن میر قادری نے صاحبزادہ حسن محی الدین کو خوش آمدید کہا۔

منہاج القرآن کی ممبر شپ لینے والے 70 سے زائد افراد میں تاحیات ممبر شپ کی اسناد تقسیم کی گئیں ، حسن محی الدین نے اپنے خطاب میں واقعہ معراج کے بارے میں قرآن اور احادیث کی روشنی میں تفصیلی بیان دیا ،ان کا کہنا تھا کہ معراج النبی صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کا واقعہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے تاریخ انسانی میں اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔

یہ اللہ کی جانب سے اپنے محبوب نبی کی شان میں ایک عظیم تحفہ تھا، ان کا کہنا تھا واقعہ معراج پر کفار کی تنقید کا جواب خود اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں دے دیا ہے۔

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کے موقع پر اللہ نے مسلمانوں کے لئے نماز کا تحفہ بھی دیا ،محفل کے آخر میں صاحبزادہ حسن محی الدین نے پاکستان کی سلامتی ،شہداء کشمیر اور شہداء پاک فوج کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں