برسلز: اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد کردہ پابندیوں اور لازمی کورونا ویکسینیشن کے خلاف جرمنی، فرانس، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک میں مظاہرے کیے گئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی میں تمام بالغ افراد کے لیے کورونا ویکسینیشن لازمی ہونے کی تجویز پر مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور حکومت سے یہ تجویز واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
جرمن چانسلر اولاف شولس نے لازمی کورونا ویکسینیشن کی تجویز ہفتہ وار کورونا کے نئے کیسز میں ہوشربا اضافے کے باعث پیش کی تھی اور رواں ماہ کے آخر تک ملک کی 80فیصد آبادی کی کورونا ویکسینیشن کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
اسی طرح فرانس میں بھی ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور زبردستی کورونا ویکسین لگانے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کاروبار کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔
علاوہ ازیں اٹلی میں بھی شہری حکومت کی جانب سے عائد کی گئی نئی کورونا پابندیوں پر نالاں نظر آتے ہیں۔
شہریوں نے احتجاجی ریلیوں کے دوران سڑکیں بلاک کردیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
یورپی ممالک میں اومیکرون کے سبب عائد کی گئی پابندیوں کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے جس کا دائرہ امریکا اور برطانیہ تک وسیع ہونے کا بھی امکان ہے۔