لندن(نمائندہ خصوصی)کونسلر قیصر عباس گوندل اور گریز مسجد کے اسٹنٹ سیکرٹری جگل رحمان نے لندن کی نواحی کونسل تھرک کے علاقے گریز میں کمیونٹی میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں مختلف کمیونٹیز کے لیڈران اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔
شرکت کرنے والوں میں گریز گردوارہ کے گیانی رچپال سنگھ، صدر گریز گردوارہ کمیٹی دلجیت سنگھ فلورا، صدر تھرک نیپالی گورکھا کمیونٹی مان بہادر رائے، امام نیز فیٹ مولانا رشید ایولا، صدر نیزفیٹ گریز کینڈی یوسف، البینین کمیونٹی کے نمائیندے بیزنک گیچی، کردش کمیونٹی کے جمیل حسین، تھرک ہیلپنگ ہینڈز کے سیکرٹری شیبل الرحمان، بوسنین تنظیم کے امیر کاریمونوو، سیکرٹری گریز اسلامک سنٹر ہلال علی، تھرک انڈین کے نمائندے یوسف میمن، ساؤتھ اوکنڈن پاکستانی کمیونٹی کے راشد ندیم، مس ایڈیانجو بوروا، مس ندا جعفری اور شیخ رضوان انجم شامل تھے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کونسلر قیصر عباس گوندل کو اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ’’کونسلر قیصر عباس ایک معتبر کمیونٹی لیڈر اور مثالی کونسلر ہیں جن کو ہر کوئی عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ کونسلر قیصر عباس ہر کسی کی بات سنتا ہے اور لوگوں کے مسائل بر وقت حل بھی کرتا ہے۔
ہم سب ایک مضبوط دیوار کی طرح کونسلر عباس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ اپنا شاندار کام مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ ہم سب متحد ہیں اور کونسلر قیصر عباس کی قیادت میں ایک بہتر تھرک کے لئے کام کرتے رہیں گے‘‘۔
اس موقع پر کونسلر قیصر عباس گوندل نےکمیونٹی رہنماؤں کو موجودہ سیاسی اور لوکل ایشوز بارے آگاہ کیا اور ان کے اعتماد اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’’میں باقاعدگی سے مختلف تقریبات کا اہتمام کرتا رہتا ہوں جس کا مقصد مختلف مذاہب اور کمونٹیز کو اکٹھا کرنا ہوتا ہے۔ ہم اکٹھے رہ کر ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔ میں ایک بہتر، متحد اور کامیاب تھرک کے لئے اپنا کام جاری رکھوں گا‘‘۔
تقریب کے اختتام پر حاضرین نے روس کے یوکرین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے یوکرین کے شہریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا اور یوکرین اور دنیا کے دوسرے تنازاعات میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔