کیٹیگری بی، سی ختم،بیرون سے آنیوالے مسافروں کیلئے پابندیوں میں نرمی

این سی او سی نے کیٹیگری بی اور سی کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مسافروں کیلئے نئی ٹریول پالیسی پرعمل درآمد شروع کر دیا ہے۔اب کسی بھی ملک سے ویکسین شدہ غیر ملکی اور پاکستانی اب پاکستان آ سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان آنے والے تمام مسافروں کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے اور بورڈنگ سے 48 گھنٹے پہلےمنفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانا لازمی ہوگا جب کہ یورپی ممالک سے آنے والے مسافروں کا 100 فیصد ریپڈ ٹیسٹ کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سعودی عرب ،امارات اور قطر کی کم از کم 50 فیصد فلائٹس کے مسافروں کا ریپڈ ٹیسٹ ہوگا جس میں کورونا مثبت آنے والے مسافر 10 دن قرنطینہ کریں گے جب کہ ایسے مسافروں کا پھر آٹھویں دن پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ ویزہ مدت ختم ہونے، غیرقانونی مقیم پاکستانی اور ڈی پورٹ پاکستانیوں کو ویکسین سے استثنیٰ حاصل ہوگا، اس کے علاوہ میڈیکل وجوہات،حاملہ خواتین اور 18 سے 15 سال عمر کے پاکستانیوں کو بھی لازمی ویکسین پالیسی سے استثنیٰ حاصل ہوگا، 18 سے 15 سال کے پاکستانی مسافروں کو 15 فروری تک بغیر ویکسین پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں