وفاقی حکومت نے نواز شریف کو واپس نہ لانے پر شہباز شریف کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی پر غور شروع کردیا۔
اٹارنی جنرل آفس نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی واپسی کے ضامن شہباز شریف کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ خط میں لاہور ہائیکورٹ میں دی گئی گارنٹی کا حوالہ دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ میں دی گئی حلف نامہ پر عملدرآمد کی تلقین کی جائے گی اور شہباز شریف کو عملدرآمد کیلئے مخصوص وقت بھی دیا جائے گا۔
انڈرٹیکنگ پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا انتباہ کیا جائے گا۔ اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے خط آج ہی تحریر کیے جانے کا امکان ہے.