کیا میاں محمد نواز شریف سچ میں پاکستان واپس آ رہے ہیں؟

لاہور/اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف عنقریب وطن واپس آئیں گے، وہ 20 تاریخ کودوبارہ لندن جا رہے ہیں اور اس بار نواز شریف کو ساتھ لے کر ہی لوٹیں گے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا نواز شریف کے واپس آنے کی امید بھی ہے اور یقین بھی ہے، نواز شریف سے مل کر آیا ہوں، میری مسکراہٹ بتا رہی ہے کہ کچھ ہونے والا ہے، میں 20 تاریخ کو دوبارہ لندن جا رہا ہوں اور اس بار نواز شریف کو ساتھ لے کر ہی لوٹوں گا۔

انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس بیڈ گورننس ہوچکی ہے اور لوگوں نے ہاتھ کھڑے کردیے ہیں، نواز شریف کو اس جہان میں انصاف ملنے کا وقت آگیا ہے، جس کی سیاست ختم کرنے چلے تھے اب سب کا منہ اسی کی طرف ہے، نواز شریف سے جو باتیں ہوئیں وہ بتائی نہیں جاسکتیں لیکن عوام اطمینان رکھیں کہ کچھ ہونے والا ہے جو بہت جلد سامنے آجائے گا۔

ادھر مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے جلد وطن واپسی کا عندیہ دےد یا۔

پنجاب سے مسلم لیگ ن کی ایم پی اے ثانیہ عاشق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ شیئر کی جس میں نواز شریف کی تصویر کیساتھ مسلم لیگ ن کے قائد کی طرف سے کیپشن درج تھی کہ “میں امید کرتا ہوں آپ ( عوام ) سے پاکستان میں جلد ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رانا ثناء اللہ بھی نواز شریف کی واپسی سے متعلق کہہ چکے ہیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کی جب مرضی ہو گی وہ واپس آجائیں گے ، پارٹی نواز شریف کے ساتھ انصاف کی یقین دہانی چاہتی ہے ۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیر اعظم کے امیدوار نواز شریف ہی ہوں گے ، لیکن کسی وجہ سے اگر وہ نہیں ہوتے تو پارٹی کے سینئر ترین رہنما شہباز شریف مسلم لیگ ن کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں