چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ 14 روز میں اسمبلی کا اجلاس نہ بلانا آئین شکنی ہے، آئین شکنی پر ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ بزدل کپتان عدم اعتماد کے ووٹ سے بھاگ رہا ہے، جو کپتان جیتنے والا ہو وہ نہیں بھاگتا، آئین میں ہےکہ عدم اعتماد پیش ہونےکہ 14 دن میں اسپیکرکو اجلاس بلانا ہے، عدم اعتماد سے متعلق آئین شکنی پر ہم سپریم کورٹ جارہے ہیں، اسپیکر کے خلاف متحدہ اپوزیشن کے متفقہ فیصلےکے تحت چلیں گے۔بلاول کا کہنا تھا کہ ہم ہارے ہوئے شخص کو یا کسی اور شخص کو عوام کی قسمت سے کھیلنے نہیں دیں گے، عمران خان کی کوشش ہے جمہوری عمل سے بھاگیں، یہ کوشش کر رہے ہیں کہ ادارے نیوٹرل نہ رہیں، یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں آئینی بحران پیدا کیا جائے ، ہم چاہتے ہیں ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے، اگر کوئی ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام نہ کرے تو تنقید کریں، وزیراعظم نے نیوٹرل کو جانورکہا، آج تک اس پر معافی نہیں مانگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمت ہے تو باقی باتیں چھوڑو اور پارلیمنٹ میں ہمارا مقابلہ کرو، نمبر گیم ثابت کرتے ہیں حکومت اکثریت کھو چکی ہے، انہوں نے سندھ ہاؤس پر حملہ کیا، اس شخص نے پارلیمان پر اور لاجز پر حملہ کیا، تین سال کے دوران آپ ضمنی الیکشن ہارے، جعلی مینڈیٹ رد ہوا، آپ ایک ضمنی وبلدیاتی الیکشن نہیں جیت سکتے تو سیاسی مستقبل کا کیا ہوگا۔