کراچی میں قائم سویڈن کے تعلیمی ادارے مالمو انٹرنیشنل اسکول میں جستجوئے کارواں کے نام سے تقریب

اسٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) کراچی میں قائم سویڈن کے معروف سماجی ادارے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے تعلیمی ادارے مالمو انٹرنیشنل اسکول میں امن کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جسے جستجوئے کارواں کا نام دیا گیا۔

مذکورہ تقریب ایمپوارمنٹ تھرو کریٹیو انٹیگریشن (ای سی آئی) کے تعاون سے منعقد کی گئی جہاں طلبا، اساتذہ اور والدین سمیت کراچی کی سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں مستاگ فا ئونڈیشن سے ماہین واحد بلوچ اور حانی واحد بلوچ نے خصوصی شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ای سی آئی کراچی کی ٹیم لیڈر فاطمہ زہرا کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے عنوان سے اس قسم کی تقریبات منعقد کرنے کا مقصد فقط اتنا ہے کہ بچوں کی ذہن سازی مثبت انداز میں ہوسکے تاکہ آنے والے وقت میں معاشرے کو تشدد اور نفسانفسی سے پاک کیا جاسکے۔

اسکول کے پرنسپل اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ ہمارا ادارہ ہمیشہ سے منفرد سرگرمیوں کا گہوارہ رہا ہے، ہم بچوں کو اس قسم کی طرزِتعلیم دے رہے ہیں جہاں عدم برداشت کی کوئی جگہ نہیں، یکسانیت اور ہم آہنگی کے لئے یہ بےحد ضروری ہے کہ ہم ای سی آئی جیسے اداروں کے ساتھ تعاون کرکے معاشرے کو بہتری کی جانب گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہ زبیر حسین کا اس حوالہ سے کہنا تھا کہ تعلیمی نظام کی بہتری اور بچوں میں علم کی رغبت کے لئے ہمیں اس قسم کی سرگرمیوں کی اشد ضرورت ہے جس سے بچے تعلیمی اداروں میں وقت گزارنے کو ترجیح دیں اور علم حاصل کرنا انہیں بوجھ نا لگے۔

تقریب میں شورٹ فلم اسٹوریز کے ذریعے طلبا کو مفید معلومات مہیا کی گئی جبکہ صوفیانہ کلام کا اہتمام بھی کیا گیا تاکہ تقریب میں شرکاءکی دلچسپی بڑھائی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں