پیرس(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اکاونٹیبیلیٹی اینڈ ڈسپلن (SCAD)نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر ممبر اسکیڈ یورپ (SCAD) چوہدری گلزار حسین لنگڑیال کو عہدے سے ہٹا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف فرانس کے سینئر رہنما اور ممبر اسکیڈ یورپ چوہدری گلزار حسین لنگڑیال کو عہدے سے ہٹا دیاگیا ہے، اسکیڈ کی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔
چند روز قبل اسکیڈ کی مرکزی تنظیم کے رہنما ئوں اور پی ٹی آئی فرانس کے صدر ملک عابد ، جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی فرانس چوہدری افضال گوندل ،ممبر پی ٹی آئی فرانس ارشاد حسین اور ممبر پی ٹی آئی فرانس چوہدری حامد وڑائچ کے درمیان آن لائن ویڈیو اجلاس منعقد ہوا۔
منتخب باڈی کے اراکین نے الزام لگایا کہ ممبر اسکیڈ چوہدری گلزار لنگڑیال نے انٹرا پارٹی الیکشن میں جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انصاف پینل کو ذاتی پسند کی بنیاد پر مکمل سپورٹ کیا اور انصاف پینل کی الیکشن مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
الیکٹڈ باڈی کی جانب سے اسکیڈ کو میٹنگز میں گلزار لنگڑیال کی موجودگی سے متعلق تصویری و وٹس میسجز بطور ثبوت پیش کئے گئے، ڈسپلنری کمیٹی نے تمام ثبوتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چوہدری گلزار حسین لنگڑیال کو اسکیڈ کے عہدے سے ہٹا دیا۔
عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ممبر اسکیڈ (SCAD) سب کمیٹی بیرسٹر سلمان حامد آفریدی اور ائیرکموڈر (ر)ناصر ہمدانی کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے،واضح رہے چوہدری گلزار لنگڑیال پی ٹی آئی فرانس کے سابق کوآرڈینیٹر بھی رہ چکے ہیں ۔