دبئی(طاہر منیر طاہر)پاکستان تحریک انصاف انگلینڈ کے سینئر نائب صدر ملک عمران خلیل نے دبئی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ چوروں کا جتھہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا کیونکہ اللہ کی نصرت اور پاکستانی نوجوان عمران خان کے ساتھ ہیں۔
ملک عمران خلیل نے اپنے دبئی دورہ کے دوران پاکستان تحریک انصاف دبئی کے سینئر نائب صدر کلیم اللہ شاہ بخاری، جنرل سیکریٹری چوہدری جاوید اقبال سے خصوصی ملاقات کی۔ تینوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے کونے کونے سے اور بیرون ملک سے بھی پاکستانی 27 مارچ کے جلسے میں شرکت کر کے بتا دیں گے کہ عمران خان پاکستان کی بقا کے لیے کتنا ضروری ہے اور سارے چور اور ڈاکو مل کر بھی اکیلے عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
چالیس سال سے اپوزیشن نے پاکستان پر حکومت کی ہے اور قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک اور اندرون ملک اپنی جائیدادوں کے انبار لگائے ہیں، اب ان کو جائیدادوں کا حساب دینا پڑ رہا ہے تو یہ جمہوریت کی آڑ میں اپنی چوریاں بچانے کے لیے متحد ہو گئے ہیں جبکہ یہ ماضی میں ایک دوسرے کو چور اور ڈاکو کہتے تھے اور ایک دوسرے پر چوری اور غبن کے کیس بنائے تھے۔
سینئر نائب صدر دبئی کلیم اللہ شاہ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں اپنے مستقبل اور ملک کی سلامتی کے لیے 27 مارچ کو اسلام آباد کے لیے نکلیں۔ عمران خان پاکستانی قوم اور وطن کی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے جبکہ چوروں کا ٹولہ اپنی اور اپنے بچوں کی بے نامی جائیدادوں کو بچانے کےلیے سرگرم ہے ۔ 27 مارچ کو پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو گا اور اپوزیشن کو عدم اعتماد تحریک میں شکست نظر آ رہی ہے ۔