پشاور: صوبہ خیبر پختونخواکے دارالحکومت پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹس سکیورٹی فورس کی جانب سے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمل میں لائی گئی کارروائی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کا سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اے ایس ایف نے دبئی جانے والے مسافروں سے 9.9 کلو گرام سونابرآمد کیا، مسافر مسماۃ سہیلہ الکوزے اور مسافر حواد خالدی یہ سونا 2 بیگوں میں لے جا رہے تھے تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تلاشی کے دوران مذکورہ سونا برآمد کیا۔
سونے کی مالیت لگ بھگ 10 کروڑ 76 لاکھ پاکستانی روپے بتائی گئی ہے، ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید کارروائی کے لئے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا۔