ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ مطابق کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی صورتحال مزید خراب ہوگئی،اور پاکستان کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں بہتری کی بجائے 16 درجے مزید نیچےچلا گیا۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں کرپشن کی عالمی درجہ بندی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان 16 درجے مزید نیچے چلاگیا اورعالمی رینکنگ میں 140 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ مطابق پاکستان میں کرپشن نہ ہونے کے اسکور میں 3 پوائنٹس کی کمی ہوگئی۔ 2021ء میں پاکستان 100 میں سے صرف 28 پوائنٹس حاصل کرسکا، جبکہ گزشتہ سال یہ اسکور 31 تھا۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں کرپشن گزشتہ برس کے مقابلے میں بڑھی ہے۔ 2018 میں موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا اس وقت پاکستان کا کرپشن انڈیکس میں117واں نمبر تھا۔ 2019 میں پاکستان درجہ بندی میں 120ویں نمبر پر تھا۔ 2020 میں 124 ویں اور اب 2022 میں 140 ویں نمبر پر آنا اس بات کا اشارہ ہے کہ موجودہ دور حکومت میں پاکستان کی 23 درجے تنزلی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فن لینڈ، نیوزی لینڈ اور ڈنمارک کرپشن کے خلاف 88 اسکور کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے، جنوبی سوڈان نے فہرست میں آخری پوزیشن حاصل کی۔ امریکا 67 پوائنٹس کے ساتھ 27 ویں اور بھارت 40 پوائنٹس کے ساتھ 85 ویں نمبر پر رہا۔