پاکستان تحریک انصاف نیویارک کی طرف سےایم این اے صاحبزادہ صبغت اللہ کے اعزاز میں عشائیہ

نیویارک (تارکین وطن نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اوورسیز پاکستانیز صاحبزادہ صبغت اللہ کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق دینے کا بل ،اگر اپوزیشن کی مخالفت کی وجہ سے قومی اسمبلی کے بعد سینٹ میں منظور نہ ہو سکا ، تو ہم پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسی مہینے میں بل کو ہر صورت میں منظور کروائیں گے اور آئندہ الیکشن میں بیرون ممالک میں بسنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کو یقینی بنائیں گے ۔ یہ دعویٰ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف نیویارک سٹیٹ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا ۔

صدر تحریک انصاف نیویارک سٹیٹ امجد نواز کی صدارت میں منعقدہ استقبالیہ میں تحریک انصاف نیویارک کے سینئر نائب صدر مرزا خاور بیگ، جنرل سیکرٹری خورشید بھلی ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری زمان آفریدی ، سیکرٹری اطلاعات ضمیر احمد چوہدری ، سیکرٹری وومین ونگ ثمینہ حیدر، وسیم سید ، حسام شکیل سمیت تحریک انصاف نیویارک اور کمیونٹی ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

استقبالیہ سے خطاب کے دوران امجد نواز، خاور بیگ، خورشید احمد بھلی ، زمان آفریدی ، ضمیر چوہدری ، ثمینہ حیدر، اکرام اعوان ، پرویز ریاض ،شاد رضا رانجھا، چوہدری اسلم ڈھلوں ، حسام شکیل ، رحیم شاہ ، قاری زبیر، راجہ عاطف رزاق اور فائق صدیقی نے صاحبزادہ صبغت اللہ کو امریکہ آمد پر خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے پارلیمانی سیکرٹری برائے اوورسیز کو بیرون ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حل کی ضرورت سمیت اہم امور کے بارے میں بتایا ۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز میں بسنے والے باصلاحیت پاکستانیوں کی صلاحیتوں ، ہنر اور قابلیت سے ملک و قوم کو مستفید کرنے کے لئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں مواقع پیدا کئے جائیں ۔

تحریک انصاف نیویارک سٹیٹ کے انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد یہ تحریک انصاف نیویارک کی پہلی باقاعدہ تقریب تھی ۔ تقریب میں صدر امجد نواز نے صاحبزادہ صبغت اللہ کو نیویارک سٹیٹ میں بسنے والے پارٹی ساتھیوں اور کمیونٹی کی خدمات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ پی ٹی آئی نیویارک سٹیٹ ، عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے کے ایجنڈے کے ساتھ اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے گی ۔

صاحبزادہ صبغت اللہ نے خطاب کے دوران تحریک انصاف نیویارک سٹیٹ کی جانب سے کی جانیوالی پذیرائی پر شکر یہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کے پارلیمانی سیکرٹری کی حیثیت سے میں امریکہ میں دی جانیوالی ایک ایک تجویز کو نوٹ کرکے ساتھ لے جا رہا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ کے حق کے بارے میں اور پاکستان میں ان کی پراپرٹی پر قبضے کے مسائل سمیت دیگر مسائل کے حل کے بارے میں قومی اسمبلی کے فلور سے لے کر وزیر اعظم عمران خان تک اپنی رسائی تک ، میں اپنا ہر ممکن کردار دا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا ہی نہیں بلکہ دنیائے اسلام کا ایک عظیم لیڈر ہے ۔ ہمیں اپنے لیڈر کے ہاتھ مضبوط کرکے ، ملک و قوم کو مضبوط کرنا ہے ۔انشاءاللہ پاکستان کے مسائل ختم ہوں گے اور ترقی او ر خوشحالی کا دور آئیگا۔ وزیر اعظم کے اقداما ت اور پالیسیوں کے مثبت نتائج برامد ہوں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں