ویانا (اکرم باجوہ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور آسٹرین چانسلر کارل نیہمر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا،دونوں رہنماؤں کی بات چیت کا موضوع دوطرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال اور خطہ کی سلامتی اور امن و امان کے متعلق تھا۔
انہوں نے پاکستان اور آسٹریا کے تعلقات کی اقتصادی جہتوں کی اہمیت پر زور دیاوزیر اعظم پاکستان نے آسٹریا کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور اس کے معاشی تعاون کو سراہا ۔
وزیر اعظم عمران خان نے مختلف شعبوں میں بھی دوطرفہ تعلقات مزید بڑھانے پر زور دیا جس میں اعلیٰ تعلیم ، توانائی ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اورسیاحت شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا آسٹرین یونیورسٹی اور ہماری ہری پور یونیورسٹی کے درمیان تعاون دوطرفہ شراکت داری کا ایک مثالی مظہر ہے اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہتر تعاون کی خواہش کا اظہار ہے۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا،وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے اور معاشی تباہی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد کے لیے عملی شمولیت کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ آسٹرین چانسلر نے صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے اور افغانستان سے آسٹرین اور دیگر افراد کے انخلاء پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ،وزیراعظم نے آسٹرین چانسلر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔